جاپان کے شہر ناگویا میں 20ویں ایشین گیمز کا ہفتے کے روز افتتاحی تقریب کے ساتھ باضابطہ آغاز ہو گیا۔ مقابلے 16 روز جاری رہیں گے اور ایشیا کے 45 ممالک اور خطوں کے ایتھلیٹس حصہ لے رہے ہیں۔
رائٹرز کے مطابق شہنشاہ ناروہیتو نے کھیلوں کے آغاز کا اعلان کیا۔ اے پی کے مطابق کم از کم 11 ہزار ایتھلیٹس 43 کھیلوں میں شریک ہیں، جبکہ بعض مقابلے مصروف شیڈول کے باعث افتتاحی تقریب سے پہلے ہی شروع ہو چکے تھے۔
منتظمین کو کھیلوں سے پہلے رہائش، ٹرانسپورٹ اور رجسٹریشن سے متعلق شکایات کا سامنا رہا۔ مستقل ایتھلیٹس ولیج نہ بنانے کے فیصلے کے بعد شرکا کو ہوٹلوں، عارضی رہائش اور ایک کروز شپ سمیت مختلف مقامات پر ٹھہرایا گیا ہے۔
ای اسپورٹس سمیت کئی نئے یا علاقائی کھیل بھی پروگرام کا حصہ ہیں۔ پہلے تمغوں کے مقابلے اتوار سے شروع ہونے کی توقع ہے۔
