پاکستان کی نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے 2026–27 کی سائبر سکیورٹی ہینڈ بک جاری کی ہے جس میں سرکاری ملازمین اور پبلک سیکٹر اداروں کو حساس سرکاری معلومات پبلک اے آئی نظام میں داخل نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ہینڈ بک کے مطابق خفیہ سرکاری دستاویزات، سرکاری ای میلز، سورس کوڈ اور شہریوں کی ذاتی شناختی معلومات پبلک اے آئی پلیٹ فارمز میں نہیں ڈالی جانی چاہئیں۔ ملازمین کو صرف اپنے ادارے سے منظور شدہ اے آئی ٹولز استعمال کرنے، پرامپٹس سے حساس معلومات ہٹانے اور اے آئی سے تیار مواد کا انسانی جائزہ لینے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ہینڈ بک میں ذاتی ای میل اکاؤنٹس، غیر منظور شدہ ڈیوائسز اور کمرشل کلاؤڈ سروسز کے استعمال سے متعلق اصول بھی شامل ہیں۔ نیشنل CERT کے مطابق یہ رہنمائی پاکستان کے موجودہ انفارمیشن سکیورٹی فریم ورک اور متعلقہ پالیسیوں کو عملی ضابطوں میں تبدیل کرتی ہے۔
