سان فرانسسکو: سی این بی سی کے مطابق ایپل اور میٹا نے ایک اشتراک کا اعلان کیا ہے جس کے تحت ڈویلپرز میٹا کا اے آئی ماڈل میوز اسپارک اوپن طاقتور میک کمپیوٹرز پر مقامی طور پر چلا سکیں گے۔
میوز اسپارک اوپن 816 ارب پیرامیٹرز پر مشتمل ’مکسچر آف ایکسپرٹس‘ اوپن ویٹ ماڈل ہے جو محدود کمرشل لائسنس کے ساتھ دستیاب ہے۔ اسے چلانے کے لیے دو سے چار میک اسٹوڈیو جوڑے جا سکتے ہیں، اور ماڈل کلاؤڈ کے بجائے مقامی مشینوں پر چلتا ہے۔
میٹا کے سربراہ مارک زکربرگ نے سوشل میڈیا پر ماڈل کے ویٹس جاری کرنے اور ایپل کے جان ٹرنس کے ساتھ مل کر انہیں نئے میک اسٹوڈیوز پر چلانے کا ذکر کیا، جس پر ٹرنس نے مبارکباد دی۔ میٹا کے اے آئی چیف الیگزینڈر وانگ کے مطابق میک اسٹوڈیوز میں کافی میموری موجود ہے، ماڈل ہگنگ فیس سے ایپل سلیکون کی اضافی کنفیگریشن کے بغیر ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے اور اسے ایپل ہارڈویئر کے لیے ٹیون کیا گیا ہے، جبکہ ایپل کا ایم ایل ایکس فریم ورک ماڈلز کو کئی مشینوں میں تقسیم کر سکتا ہے۔
ایم 5 الٹرا چپ اور 256 جی بی میموری والا میک اسٹوڈیو کم از کم 10,799 ڈالر کا ہے، جبکہ 512 جی بی والا ورژن اسی ماہ کے آخر میں آئے گا۔ ماڈل چلانے کے لیے ایک سے زیادہ مشینیں درکار ہوں گی۔
دونوں کمپنیاں ماضی میں حریف رہی ہیں، خاص طور پر 2021 میں ایپل کی پرائیویسی تبدیلیوں کے بعد۔ جان ٹرنس گزشتہ ماہ ٹم کک کی جگہ ایپل کے سربراہ بنے تھے۔ مزید تفصیل سی این بی سی پر۔
