چین کی پیپلز لبریشن آرمی سے گہرے روابط رکھنے والی نارتھ ویسٹرن پولی ٹیکنیکل یونیورسٹی نے امریکی تجارتی بلیک لسٹ میں شامل ہونے کے باوجود گزشتہ ماہ این ویڈیا کی طاقتور H200 مصنوعی ذہانت چپس خرید لیں۔ ذرائع کے مطابق یہ بات یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر موجود خریداری کے ریکارڈ سے سامنے آئی ہے۔
21 اکتوبر کے ریکارڈ کے مطابق یونیورسٹی نے اپنے مینجمنٹ اسکول کے لیے دو H200 چپس 8 لاکھ 74 ہزار 700 یوآن (تقریباً 1 لاکھ 23 ہزار ڈالر) میں براہ راست این ویڈیا کے بجائے ایک چینی کمپنی شانشی بوسوان نیٹ ورک ٹیکنالوجی سے خریدیں۔ اس کے علاوہ اس نے چینی کمپنیوں سے کرائے کی کمپیوٹنگ کے پانچ معاہدے بھی کیے جن کے ذریعے H200 اور دیگر جدید چپس تک رسائی حاصل کی گئی۔
شیان میں قائم یہ یونیورسٹی فوجی طیاروں، میزائلوں اور سیٹلائٹس سے متعلق تحقیق کرتی ہے۔ امریکی محکمہ تجارت نے اسے 2001 میں میزائل پھیلاؤ میں مبینہ کردار پر اینٹیٹی لسٹ میں ڈالا تھا اور 2019 میں پابندیاں مزید سخت کر دی تھیں، جس کے بعد ایسی ٹیکنالوجی کی برآمد کے لائسنس عموماً مسترد کیے جاتے ہیں۔ یونیورسٹی، این ویڈیا اور محکمہ تجارت نے تبصرے کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔
یہ انکشاف ایسے وقت ہوا ہے جب این ویڈیا کے سربراہ جینسن ہوانگ چین کو اے آئی چپس کی فروخت پر پابندیاں نرم کرانے کی کوششوں کے باعث واشنگٹن میں شدید دباؤ میں ہیں۔ کانگریس کی تین کمیٹیوں کے ری پبلکن سربراہوں نے ایک مبینہ چینی انٹیلیجنس اہلکار سے ان کے مبینہ رابطوں پر 18 نومبر کو ان سے بریفنگ طلب کی ہے۔
