چلاس — قراقرم ہائی وے پر بشیداس زیرو پوائنٹ کے قریب شیر نالہ میں جی بی اسکاؤٹس کی ایک پٹرولنگ گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں تین سکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے۔
سرکاری بیان کے مطابق واقعہ 27 ستمبر کی رات تقریباً 9 بج کر 35 منٹ پر پیش آیا، جب 116 ونگ جی بی اسکاؤٹس کی گاڑی کو پہاڑی سمت سے فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔
زخمیوں میں ایک جی بی اسکاؤٹس اہلکار اور اسپیشل سکیورٹی یونٹ کے دو پولیس اہلکار شامل ہیں۔ انہیں ابتدائی طبی امداد کے لیے بشیداس ایف ڈبلیو او ہسپتال منتقل کیا گیا اور بعد میں مزید علاج کے لیے آر ایچ کیو ہسپتال چلاس بھیج دیا گیا۔
گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس اور متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو حملہ آوروں کی شناخت اور گرفتاری کے لیے فوری کارروائی کی ہدایت کی ہے۔ شیر نالہ، بشیداس اور ملحقہ علاقوں میں سرچ اور کومبنگ آپریشنز اور نگرانی بڑھانے کے احکامات بھی دیے گئے ہیں۔
ابھی کسی گروپ نے ذمہ داری قبول نہیں کی اور حکام نے حملے کے محرک یا حملہ آوروں کی شناخت کا حتمی اعلان نہیں کیا۔
