نیویارک: الجزیرہ پر شائع اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق انٹر میامی نے بدھ کو نیویارک سٹی ایف سی کو 2-0 سے شکست دے کر میجر لیگ سوکر (ایم ایل ایس) کے پلے آف میں جگہ بنا لی۔ یہ ٹیم کی مسلسل تیسری پلے آف رسائی ہے۔
لیونل میسی دونوں گولوں میں شامل رہے۔ 20ویں منٹ میں میسی نے پینلٹی ایریا کے باہر گیند قابو کر کے رودریگو ڈی پال کو دی، جنہوں نے لمبا پاس لوئس سواریز کی طرف بڑھایا۔ سواریز کے کراس پر جرمن بیرٹیرامے نے آسان گول کیا، جو مئی کے بعد ان کا پہلا گول تھا۔
پہلے ہاف کی آخری کِک پر تیز جوابی حملے میں میسی نے تین دفاعی کھلاڑیوں کو اپنی طرف کھینچ کر بائیں پاؤں کے باہر والے حصے سے گیند ڈی پال کو دی، جنہوں نے زوردار شاٹ سے برتری دوگنی کر دی۔
دوسرا ہاف گول کے بغیر رہا۔ 90ویں منٹ میں ڈی پال کی دور سے لگائی گئی شاٹ کو نیویارک سٹی کے گول کیپر میٹ فریز نے شاندار ڈائیو لگا کر پوسٹ سے ٹکرا دیا، جبکہ اضافی وقت میں نیویارک کو ملنے والی پینلٹی میامی کے گول کیپر ڈین سینٹ کلیئر نے روک لی۔
اس جیت کے ساتھ ہیڈ کوچ کرسٹیان 'کیلی' گونزالیز نے گزشتہ ماہ عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی بار لگاتار دو میچ جیتے ہیں۔ دوسرے نمبر پر موجود میامی کو، جس کے پانچ میچ باقی ہیں، کم از کم وائلڈ کارڈ راؤنڈ میں جگہ مل گئی ہے۔ گونزالیز نے کہا کہ ٹیم میں بہتری کی بہت گنجائش ہے مگر وہ آہستہ آہستہ آگے بڑھ رہی ہے۔
یہ انٹر میامی کی لگاتار دوسری کلین شیٹ تھی، جبکہ اس سے پہلے کے 10 میچوں میں ٹیم ایک بار بھی گول کھائے بغیر نہیں رہی تھی۔ میسی نے ہفتے کو بھی دو گول کیے تھے۔ دوسری جانب نیویارک سٹی ایف سی اپنے آخری 11 ایم ایل ایس میچوں میں صرف ایک جیت سکی ہے۔
