دو بار پیچھے رہنے کے باوجود پاکستان کے نوجوان کھلاڑیوں نے ہمت نہیں ہاری اور جمعے کو جاپان کے خلاف میچ 2-2 سے برابر کر کے سلطان آف جوہر کپ کے فائنل میں جگہ بنا لی۔ ملائیشیا کے شہر جوہر بہرو کے تمن دایا ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے راؤنڈ رابن مرحلے کے آخری میچ میں پاکستان کی جانب سے حمزہ فیاض نے 34ویں اور غلام مصطفیٰ نے 43ویں منٹ میں گول کیے۔
لیگ مرحلہ ختم ہونے پر پاکستان اور جاپان دونوں کے سات، سات پوائنٹس تھے اور گول کا فرق بھی پلس آٹھ پر برابر تھا۔ فیصلہ زیادہ گول اسکور کرنے پر ہوا، جہاں پاکستان کے 18 گول جاپان کے 16 گولز پر بھاری پڑ گئے۔
گرین شرٹس نے ابتدائی مرحلے میں دو میچ جیتے، ایک برابر کیا اور ایک میں شکست کھائی۔ انہوں نے چین کو 8-3 اور کینیڈا کو 6-2 سے ہرایا تھا، جبکہ میزبان ملائیشیا کے خلاف انہیں 3-2 سے معمولی فرق سے ہار کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
فائنل ہفتے کو اسی میدان میں ملائیشیا کے خلاف ہوگا، جو اس ٹورنامنٹ میں اب تک ناقابلِ شکست ہے۔ پاکستانی کھلاڑیوں کے پاس لیگ مرحلے کی شکست کا بدلہ لینے اور ٹائٹل جیتنے کا موقع ہوگا۔
