مختصر ویڈیوز کی ایپ ٹک ٹاک نے رواں سال اپریل سے جون کے دوران کمیونٹی قواعد کی خلاف ورزی پر پاکستان میں 2 کروڑ 32 لاکھ 43 ہزار 711 ویڈیوز ہٹا دیں۔ یہ اعداد و شمار جمعرات کو جاری ہونے والی کمپنی کی دوسری سہ ماہی کی رپورٹ میں سامنے آئے ہیں، جس کے مطابق اسی عرصے میں دنیا بھر سے 18 کروڑ 82 لاکھ سے زائد ویڈیوز ہٹائی گئیں۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ہٹائی گئی ویڈیوز میں سے 99.7 فیصد کو کسی صارف کی شکایت سے پہلے ہی خودکار طور پر پکڑ لیا گیا، جبکہ 94.5 فیصد ویڈیوز پوسٹ ہونے کے 24 گھنٹوں کے اندر ہٹا دی گئیں۔ ملک میں ویڈیوز ہٹائے جانے کی شرح 1.1 فیصد رہی۔ نظرِ ثانی کے بعد 5 لاکھ 19 ہزار 75 ویڈیوز بحال بھی کی گئیں۔
عالمی سطح پر ٹک ٹاک نے اس سہ ماہی میں 14 کروڑ 68 لاکھ جعلی اکاؤنٹس اور 13 سال سے کم عمر بچوں کے مشتبہ 2 کروڑ 68 لاکھ اکاؤنٹس بھی ختم کیے۔ حساس یا بالغ موضوعات پر مبنی مواد ہٹائی گئی ویڈیوز کا سب سے بڑا حصہ، یعنی 19.5 فیصد، تھا۔ اس کے بعد ذہنی صحت سے متعلق مواد 16.1 فیصد، جسمانی نمائش 13.8 فیصد اور خطرناک سرگرمیوں اور چیلنجز والی ویڈیوز 13.5 فیصد رہیں، جبکہ ایڈٹ شدہ اور مصنوعی ذہانت سے بنا مواد 1.8 فیصد تھا۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ سہ ماہی رپورٹ اس کے مواد کی نگرانی، اکاؤنٹس کے خلاف کارروائی اور خودکار نظام کے استعمال کا جائزہ پیش کرتی ہے۔
