افغانستان اور ازبکستان کے نجی شعبے نے کابل میں منعقدہ ایک کاروباری اجلاس میں مجموعی طور پر 151.16 ملین ڈالر مالیت کے درجنوں تجارتی معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔ یہ معاہدے دونوں ملکوں کی تقریباً 80 کمپنیوں کے نمائندوں نے مختلف اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں کیے۔
افغانستان چیمبر آف کامرس اینڈ انویسٹمنٹ کے نائب سربراہ مجیب الرحمان شیرزاد نے کہا کہ کابل اور تاشقند کے درمیان تجارتی تعلقات کا فروغ دونوں ملکوں کے لیے اہم ہے۔ ان کے مطابق حالیہ مہینوں میں سرکاری اور نجی وفود کے بڑھتے تبادلوں نے کاروباری برادریوں کو براہ راست رابطے کے مواقع فراہم کیے ہیں۔
ازبکستان ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین یارقین ملیکوف نے بتایا کہ دونوں ملکوں کی باہمی تجارت جو کبھی تقریباً 8 کروڑ ڈالر تھی، اب 1.8 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکی ہے۔ انہوں نے اس اضافے کو مضبوط تعلقات اور افغان و ازبک تاجروں کے درمیان بڑھتے اعتماد کا نتیجہ قرار دیا اور کہا کہ ازبک سرمایہ کار افغانستان میں مشترکہ منصوبے قائم کرنے کے مواقع کا جائزہ لے رہے ہیں۔
یہ معاہدے ایسے وقت ہوئے ہیں جب نائب وزیر زراعت و مویشی کی قیادت میں ایک افغان وفد ہفتے کو ازبکستان پہنچا ہے، جہاں زراعت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت متوقع ہے۔

