پاکستان اور سعودی عرب کے سرمایہ کاروں نے پیر کو ایک مشترکہ نجی ایکویٹی فنڈ کا آغاز کر دیا ہے جس کا مقصد دونوں ملکوں کے نجی شعبے کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کو نئی رفتار دینا ہے۔ یہ فنڈ سعودی پاکستان مشترکہ بزنس کونسل (ایس پی جے بی سی) نے شروع کیا، جو دونوں حکومتوں نے قائم کی تھی۔
کونسل کے بیان کے مطابق فنڈ کا ابتدائی حجم کئی سو ملین ڈالر ہے اور مختلف شعبوں میں مواقع سامنے آنے پر اسے مزید بڑھایا جائے گا۔ فنڈ کی رقم کا تین چوتھائی حصہ پاکستان میں جبکہ باقی ایک چوتھائی سعودی عرب کے منصوبوں میں لگایا جائے گا۔
یہ پیش رفت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب اسلام آباد اور ریاض اپنے دیرینہ تعلقات کو خاص طور پر دفاع اور معیشت کے میدان میں مزید گہرا کر رہے ہیں۔ اکتوبر میں کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد آل سعود نے اعلیٰ سطحی سعودی تجارتی وفد کے ہمراہ پاکستان کا دورہ کیا تھا اور سیاسی قیادت، چیمبرز آف کامرس اور بڑے کاروباری گروپوں سے ملاقاتیں کی تھیں۔
اس سے قبل اگست میں اسی وفد نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی تھی، جس میں وزیر اعظم نے کہا تھا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو باہمی مفاد پر مبنی اسٹریٹجک شراکت داری میں بدلنا چاہتا ہے۔
