شمالی افغانستان کے صوبہ بغلان کے ضلع جلگہ کے لوگوں کو اب علاج کے لیے دور دراز کا سفر کم کرنا پڑے گا۔ اسلامی امارت کی وزارت صحت عامہ کے مطابق ضلع میں 5 کروڑ 40 لاکھ افغانی کی لاگت سے 30 بستروں کا ہسپتال مکمل کر کے کام شروع کرنے کے لیے حوالے کر دیا گیا ہے۔
حوالگی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر صحت عامہ مولوی نور جلال جلالی نے کہا کہ ملک کے مختلف صوبوں میں ہسپتالوں کی تعمیر کے منصوبے جاری ہیں تاکہ صحت کی سہولیات کو وسعت دی جائے اور عوام کو معیاری علاج تک رسائی ملے۔
بغلان کے گورنر مولوی عبداللہ مختار نے بتایا کہ صوبے میں صحت کی مزید سہولیات کی تعمیر رواں ہفتے شروع کی جائے گی۔ اس سے ایک روز قبل وزارت صحت نے بغلان ہی کے ضلع خوست میں 5 کروڑ 50 لاکھ افغانی کی لاگت سے ایک اور 30 بستروں کے صحت مرکز کی تعمیر کا آغاز کیا تھا۔
