وفاقی حکومت نے بدھ کو مسلسل دوسرے روز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کرتے ہوئے جمعرات 12 نومبر کے لیے پیٹرول 3 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 7 روپے فی لیٹر سستا کر دیا۔
پیٹرولیم ڈویژن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی نئی قیمت 335 روپے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 364 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
یہ کمی ایک ہی دن پہلے کی گئی بڑی کٹوتی کے بعد سامنے آئی ہے، جب حکومت نے 11 نومبر کے لیے پیٹرول 8 روپے اور ڈیزل 7 روپے فی لیٹر سستا کیا تھا۔ یوں دو دن میں ڈیزل مجموعی طور پر 14 روپے اور پیٹرول 11 روپے فی لیٹر سستا ہو چکا ہے، جس سے ٹرانسپورٹ اور زراعت سے وابستہ صارفین کو خاص طور پر ریلیف ملنے کی توقع ہے۔
حکومت نے رواں برس 17 جولائی کو ہفتہ وار نظام ختم کر کے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ جائزہ لینے کا طریقہ کار متعارف کرایا تھا، کیونکہ امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی کے باعث عالمی تیل منڈی میں شدید اتار چڑھاؤ جاری ہے۔ 2 نومبر کو حکومت نے یہ بھی اعلان کیا تھا کہ آئل ریفائنریاں ہر ماہ 15 ارب روپے کا بوجھ اٹھائیں گی تاکہ پیٹرول عالمی منڈی کے مقابلے میں 15 روپے سستا فروخت ہو سکے۔
اس سے قبل ستمبر میں وزیر اعظم شہباز شریف نے موٹر سائیکل، رکشہ اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر رعایت کی خصوصی اسکیم کا اعلان کیا تھا، جس سے اندازاً ایک کروڑ 18 لاکھ افراد کو فائدہ پہنچنا ہے۔
