مواد پر جائیں

نقیب اللہ محسود قتل کیس: کراچی کی عدالت نے مزید سات پولیس اہلکار بری کر دیے

کراچی کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے نقیب اللہ محسود قتل کیس میں سات باقی ملزمان کو ناکافی شواہد کی بنیاد پر بری کر دیا؛ اس سے قبل راؤ انوار سمیت 18 پولیس افسران و اہلکار بھی بری ہو چکے تھے۔

تحریر مارگلہ نیوز ڈیسک

شائع شدہ

1 منٹ مطالعہ

کراچی — مارگلہ نیوز: کراچی کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے نقیب اللہ محسود قتل کیس میں مزید سات ملزمان کو ناکافی شواہد کی بنیاد پر بری کر دیا ہے۔

بری ہونے والوں میں سابق ایس ایچ او امان اللہ مروت، محمد شعیب عرف شوٹر، گدا حسین، سید صداقت، ریاض احمد، راجہ شمیم مختار اور محمد محسن عباس شامل ہیں۔

پراسیکیوشن کے مطابق اس مقدمے میں سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار سمیت 18 پولیس افسران و اہلکار پہلے ہی بری ہو چکے تھے۔ سات دیگر ملزمان عدالتی کارروائی کے دوران مفرور قرار دیے گئے تھے اور بعد میں عدالت کے سامنے سرینڈر ہوئے۔

دفاع کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ استغاثہ کے گواہوں میں سے کسی نے یہ گواہی نہیں دی کہ نقیب اللہ محسود کو جعلی پولیس مقابلے میں قتل کیا گیا تھا۔

نقیب اللہ محسود جنوری 2018 میں کراچی میں ایک پولیس مقابلے میں ہلاک ہوئے تھے۔ بعد کی تحقیقات نے اس مقابلے کو مشکوک قرار دیا تھا اور مقدمہ کئی برس تک زیرِ سماعت رہا۔

تازہ فیصلے کے بعد اس مقدمے میں بری ہونے والے تمام ملزمان کی تعداد 25 ہوگئی ہے۔

خبر کا لنک: https://margallanews.com/story/naqeebullah-mehsud-murder-case-seven-police-acquitted-karachi-2026-09-26?lang=ur