ساف چیمپئن شپ 2026 کے گروپ بی کے افتتاحی میچ میں جمعرات کو ڈھاکا کے نیشنل اسٹیڈیم میں دفاعی چیمپئن بھارت نے پاکستان کو 3-2 سے ہرا دیا۔ پہلے ہاف میں تین گول کے خسارے میں جانے والے شاہینز نے انجری ٹائم میں دو گول کر کے آخری لمحات تک میچ کو دلچسپ بنائے رکھا۔
بھارت کی جانب سے سہیل احمد بھٹ نے 14ویں اور 20ویں منٹ میں دو گول کیے، جبکہ منگلین تھانگ کپگین نے 32ویں منٹ میں برتری تین صفر کر دی۔ پاکستان کو پہلے ہاف میں واپسی کا موقع ملا جب حیان خٹک کو باکس میں گرانے پر پنالٹی ملی، مگر شایک دوست کی کک کراس بار کے اوپر سے نکل گئی۔
دوسرے ہاف میں نولبرٹو سولانو کی ٹیم نے گیند پر زیادہ قبضہ رکھا اور آخرکار انجری ٹائم میں نجیب اللہ نے جنید شاہ کے کراس پر زوردار ہیڈر سے اپنا پہلا بین الاقوامی گول کیا۔ دو منٹ بعد عالمگیر غازی نے میکائیل عبداللہ کے پاس پر شاندار اوور ہیڈ کک سے فرق ایک گول تک کم کر دیا، لیکن برابری کا گول نہ ہو سکا۔
عالمگیر غازی نے میچ کے بعد کہا کہ پہلا ہاف اچھا نہیں تھا اور دوسرے ہاف میں ٹیم بہتر کھیلی مگر گول بہت دیر سے ہوئے۔ پاکستان اپنا اگلا اور آخری گروپ میچ اتوار 8 نومبر کو مالدیپ کے خلاف کھیلے گا، جہاں سیمی فائنل کی امید زندہ رکھنے کے لیے اچھا نتیجہ ضروری ہے۔ ہر گروپ کی دو بہترین ٹیمیں سیمی فائنل میں جائیں گی۔
