افغانستان کی وزارت حج و مذہبی امور نے سعودی عرب کی کمپنی مناسک المشاعر سروسز کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت آئندہ حج سیزن میں 30 ہزار افغان عازمین کو منظم اور معیاری خدمات فراہم کی جائیں گی۔
وزارت کے منگل کو جاری بیان کے مطابق یہ معاہدہ سعودی شہر جدہ میں منعقدہ بین الاقوامی حج خدمات کانفرنس و نمائش کے موقع پر طے پایا۔ افغان وزارت کی جانب سے حج، عمرہ اور زیارات کے ڈائریکٹر جنرل مولوی محمد نبی محمدی اور سعودی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو محمد عدنان حمزہ نے دستخط کیے۔
معاہدے کے تحت کمپنی مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے ساتھ ساتھ منیٰ، عرفات اور مزدلفہ کے مقدس مقامات پر افغان حاجیوں کو مناسب رہائش، خیمے، روزانہ تین وقت کا کھانا اور جدہ، مکہ اور مدینہ کے درمیان ٹرانسپورٹ سمیت دیگر ضروری سہولیات فراہم کرے گی۔
وزارت کا کہنا ہے کہ اس کمپنی کو حج خدمات کا وسیع تجربہ حاصل ہے اور متعلقہ سعودی حکام نے اسے نمایاں خدمات فراہم کرنے والے اداروں میں شمار کیا ہے۔ وزارت حج نے یقین دلایا ہے کہ وہ کمپنی کی کارکردگی کی مسلسل نگرانی کرے گی تاکہ معاہدے کی شرائط پوری ہوں اور حج کے تمام مراحل میں افغان عازمین کو آرام دہ اور معیاری سہولیات میسر آئیں۔
