افغانستان کے وزیر خارجہ امیر خان متقی نے روسی صدر کے خصوصی نمائندہ برائے افغانستان ضمیر کابلوف سے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات مضبوط کرنے، معاشی تعاون وسیع کرنے اور دونوں ملکوں کے درمیان تجارت بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
ملاقات میں امیر خان متقی نے زور دیا کہ افغانستان اور روس کو مشترکہ مفادات اور باہمی فائدے کی بنیاد پر اپنا معاشی تعاون بڑھانا چاہیے۔ ضمیر کابلوف نے منشیات کی اسمگلنگ اور کاشت کے خلاف امارت اسلامیہ کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ اس معاملے پر بعض بین الاقوامی اداروں کی رپورٹس زمینی حقائق کی عکاسی نہیں کرتیں۔
امیر خان متقی نے دہرایا کہ امارت اسلامیہ منشیات کی کاشت، پیداوار اور اسمگلنگ کے خاتمے کے عزم پر قائم ہے، اور ان کوششوں کو افغانستان اور پورے خطے کی سلامتی اور استحکام کے لیے اہم قرار دیا۔ یہ ملاقات ایسے وقت ہوئی ہے جب کابل اور ماسکو سفارتی اور معاشی روابط کو مزید گہرا کرنے اور وسیع تر تعاون کے مواقع تلاش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
