اسلام آباد ہائیکورٹ نے منگل کو پی ٹی آئی کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں سزاؤں کے خلاف اپیلوں کی سماعت 10 دن کے لیے ملتوی کر دی اور حکام کو ہدایت کی کہ عمران خان کی ان کی قانونی ٹیم سے ملاقات کرائی جائے۔
چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں ڈویژن بینچ نے کہا کہ وہ اپیلوں پر باقاعدہ دلائل شروع کرانا چاہتے ہیں۔ عدالت نے یاد دلایا کہ 29 جون کو وکلا سے یہ یقین دہانی لی گئی تھی کہ مزید التوا نہیں مانگا جائے گا۔ القادر ٹرسٹ کیس کہلانے والے اس مقدمے میں احتساب عدالت عمران خان کو 14 سال اور بشریٰ بی بی کو سات سال قید کی سزا سنا چکی ہے۔
سماعت کے دوران سردار لطیف کھوسہ نے بتایا کہ انہیں عمران خان تک رسائی نہیں دی گئی، جس پر چیف جسٹس نے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نوید حیات ملک سے پوچھا کہ کیا اگلے چند دنوں میں ملاقات کا انتظام ہو سکتا ہے، اور انہوں نے اثبات میں جواب دیا۔ بیرسٹر سلمان صفدر نے مؤقف اختیار کیا کہ انہیں سات ماہ سے عمران خان اور 11 ماہ سے بشریٰ بی بی سے ملنے نہیں دیا گیا، جبکہ مقدمے میں تقریباً ساڑھے تین ہزار صفحات کی دستاویزات اور 35 گواہوں کے بیانات شامل ہیں جن کی تیاری کے لیے وقت درکار ہے۔
بیرسٹر صفدر نے بشریٰ بی بی کی آنکھوں کے شدید انفیکشن کا ذکر کرتے ہوئے ان کے فوری علاج کی اجازت کی درخواست پر بھی دلائل دیے اور کہا کہ عمران خان کی بینائی کچھ بہتر ہوئی ہے مگر ان کا بلڈ پریشر غیر مستحکم ہے۔
