ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے بدھ کو پاکستان کے لیے 50 کروڑ ڈالر تک کی 'کنٹیجنٹ ڈیزاسٹر فنانسنگ' سہولت کی منظوری دے دی ہے۔ اس رقم کا مقصد یہ ہے کہ کسی بڑی قدرتی آفت کے فوراً بعد حکومت کو بجٹ کی مدد مل سکے اور آفت کے معاشی اور مالی اثرات کم کیے جا سکیں۔
بینک کے بیان کے مطابق سیلاب، زلزلے اور دیگر آفات سے پاکستان کو اوسطاً سالانہ تقریباً 2 ارب ڈالر کا نقصان ہوتا ہے۔ صرف 2022 کے سیلاب سے 14.9 ارب ڈالر کا براہ راست نقصان اور 15.2 ارب ڈالر کا معاشی نقصان ہوا تھا۔ بیان میں کہا گیا کہ غریب اور دیہی آبادی کی بحالی کی صلاحیت کم ہوتی ہے جبکہ خواتین اور لڑکیاں سب سے زیادہ متاثر ہوتی ہیں۔
یہ سہولت 'کلائمیٹ اینڈ ڈیزاسٹر ریزیلینس انہانسمنٹ پروگرام' کے دوسرے ذیلی پروگرام کا حصہ ہے، جو آفات کی پیشگی تیاری، خطرات کے انتظام اور ترقیاتی منصوبہ بندی میں موسمیاتی لچک شامل کرنے کی اصلاحات کی حمایت کرتا ہے۔ اس کے ذریعے آفات کے بعد مالی وسائل کی دستیابی کا نظام بھی مضبوط کیا جائے گا۔
پاکستان میں اے ڈی بی کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فین نے کہا کہ جب آفت آتی ہے تو سب سے کمزور طبقے سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں، اور تیاری میں سرمایہ کاری جانیں اور روزگار بچانے، معاشی نقصان کم کرنے اور پاکستان کی محنت سے حاصل ترقی کو محفوظ رکھنے میں مدد دیتی ہے۔ ان کے بقول یہ پروگرام ملک کو زیادہ محفوظ مستقبل کے لیے اہم اصلاحات نافذ کرنے میں مدد دے گا۔
یاد رہے کہ اے ڈی بی نے 2024 میں بھی موسمیاتی تبدیلی اور آفات کے خطرات میں کمی کے لیے پاکستان کو 50 کروڑ ڈالر کا پالیسی پر مبنی قرض منظور کیا تھا۔
