روسی وزارتِ خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ افغانستان کے بارے میں ماسکو فارمیٹ مشاورت کا آٹھواں اجلاس 5 اکتوبر کو ماسکو میں منعقد ہوگا۔
روسی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا کے مطابق اجلاس میں افغانستان، روس، پاکستان، چین، ایران، بھارت، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان اور ازبکستان کے خصوصی نمائندے اور سینئر حکام شریک ہوں گے۔ بیلاروس اور مصر کو بھی مہمان ممالک کے طور پر مدعو کیا گیا ہے۔
افغان وفد کی قیادت افغانستان کے وزیرِ خارجہ امیر خان متقی کریں گے۔ زاخارووا کے مطابق روسی وزیرِ خارجہ سرگئی لاوروف اجلاس کے شرکا سے خطاب بھی کریں گے، جبکہ متقی اور لاوروف اجلاس کے موقع پر الگ دوطرفہ ملاقات کریں گے۔
روسی وزارتِ خارجہ کے مطابق متقی اور لاوروف کی ملاقات میں افغانستان اور روس کے درمیان دوطرفہ تعاون کے موجودہ امور پر تبادلہ خیال ہوگا۔
ماسکو فارمیٹ کے مرکزی اجلاس میں افغانستان اور خطے کے ممالک کے درمیان سیاسی و اقتصادی تعاون، دہشت گردی کے خلاف علاقائی تعاون اور منشیات کی غیر قانونی تجارت کی روک تھام جیسے موضوعات زیرِ بحث آئیں گے۔ اجلاس کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ جاری کیے جانے کی بھی توقع ہے۔
ماسکو فارمیٹ افغانستان سے متعلق ایک علاقائی مشاورتی پلیٹ فارم ہے جس میں روس سمیت خطے کے متعدد ممالک شریک ہوتے ہیں۔ گزشتہ برس ہونے والے ساتویں اجلاس میں بھی افغانستان نے شرکت کی تھی۔

