وانا — مارگلہ نیوز: لوئر جنوبی وزیرستان کے وانا تحصیل میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے دو افراد ہلاک ہوگئے، جن میں محکمہ صحت کا ایک کلرک بھی شامل تھا۔
پولیس کے مطابق مقتولین موٹر سائیکل پر وانا رستم بازار سے شین ورسک کی طرف جا رہے تھے جب گنگی خیل اسٹاپ کے قریب ان پر فائرنگ کی گئی۔
ہلاک افراد کی شناخت عبداللہ اور نور خان کے نام سے ہوئی۔ پولیس کے مطابق عبداللہ وانا میں ضلعی محکمہ صحت کے دفتر میں کلرک تھا۔
حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے اور پولیس نے مقدمے کی تحقیقات شروع کر دیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولین کے ایک زمینی تنازع میں ملوث ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں، اس لیے مختلف پہلوؤں سے واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
کسی مسلح گروہ نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
