انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کے فاسٹ بولر حارث رؤف کو انگلینڈ کے خلاف اتوار کے ون ڈے میچ میں "کھیل کی روح کے منافی رویہ" اپنانے پر سرزنش کرتے ہوئے ان پر میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ عائد کر دیا ہے، جبکہ انگلینڈ کی ٹیم پر سست اوور ریٹ کی وجہ سے جرمانہ کیا گیا ہے۔
یہ وہی سنسنی خیز میچ تھا جس میں پاکستان نے 242 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 154 رنز پر نو وکٹیں گرنے کے بعد شاداب خان اور حارث رؤف کی 89 رنز کی شراکت کی بدولت ایک وکٹ سے فتح حاصل کی اور سہ ملکی سیریز کے فائنل میں جگہ بنائی۔ وننگ رن بھی حارث رؤف نے ہی بنایا تھا۔
آئی سی سی کے مطابق واقعہ پاکستانی اننگز کے 46ویں اوور کے اختتام پر پیش آیا جب رؤف نے نان اسٹرائیکر اینڈ پر وائیڈ کی اپیل کی اور پھر انگلش آل راؤنڈر وِل جیکس سے الجھ پڑے۔ امپائر شرف الدولہ ابنِ شاہد کی تنبیہ کے باوجود انہوں نے بلا اٹھا کر بحث جاری رکھی اور جیکس کی طرف بڑھتے ہوئے امپائر سے ٹکرا کر گزرے۔
اس خلاف ورزی پر رؤف کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ کا اضافہ کیا گیا ہے اور 24 ماہ میں یہ ان کی تیسری خلاف ورزی ہونے کے باعث ان کے پوائنٹس کی تعداد پانچ ہو گئی ہے۔ آئی سی سی قواعد کے تحت آٹھ ڈی میرٹ پوائنٹس تک پہنچنے پر پابندی دگنی ہو جاتی ہے۔ رؤف گزشتہ سال ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف میچوں میں خلاف ورزیوں پر دو ون ڈے میچوں کی پابندی بھگت چکے ہیں۔
دوسری جانب انگلینڈ کی ٹیم مقررہ وقت میں تین اوور کم کرانے پر میچ فیس کے 15 فیصد جرمانے کی زد میں آئی۔ حارث رؤف اور انگلش کپتان ہیری بروک دونوں نے الزامات تسلیم کر لیے، اس لیے باقاعدہ سماعت کی ضرورت نہیں پڑی۔ پاکستان ہفتے کو سیریز کا فائنل کھیلے گا جبکہ انگلینڈ جمعرات کو سری لنکا کے خلاف فائنل کی دوڑ میں رہنے کے لیے میدان میں اترے گا۔
