خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع مہمند میں انسدادِ پولیو مہم کی حفاظت کے لیے جانے والے پولیس اہلکاروں پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر دی جس سے دو اہلکار موقع پر جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ مہمند کے علاقے ڈاگ تمنزئی میں اس وقت پیش آیا جب اہلکار پولیو مہم کی سکیورٹی ڈیوٹی انجام دینے کے لیے جا رہے تھے۔ ذرائع کے مطابق زخمی اہلکار کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ حملے کی ذمہ داری کے بارے میں تاحال کوئی مصدقہ اطلاع سامنے نہیں آئی۔
پاکستان دنیا کے ان دو ممالک میں شامل ہے جہاں پولیو وائرس اب بھی موجود ہے، اور خیبر پختونخوا کے کئی اضلاع میں ماضی میں بھی پولیو ٹیموں اور ان کی حفاظت پر مامور اہلکاروں کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔ ایسے حملے بچوں کو قطرے پلانے کی مہمات کے لیے ایک مستقل خطرہ سمجھے جاتے ہیں۔
