دوحہ عمل کے تحت انسداد منشیات اور نجی شعبے کی معاونت سے متعلق ورکنگ گروپس کا دو روزہ اجلاس جمعرات کو ازبکستان کے سرحدی شہر ترمذ میں شروع ہو گیا ہے۔ افغان وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق امارت اسلامیہ کے متعلقہ اداروں کے وفد کی قیادت وزارت کے اقوام متحدہ اور بین الاقوامی کانفرنسز کے شعبے کے ڈائریکٹر سید محی الدین سادات کر رہے ہیں۔
اجلاس میں اقوام متحدہ کے امدادی مشن برائے افغانستان (یوناما)، متعلقہ بین الاقوامی تنظیموں، میزبان ازبکستان سمیت دوحہ عمل کے رکن ممالک، نجی شعبے کے نمائندے اور ماہرین شریک ہیں۔
وزارت کے مطابق بات چیت کا محور افغان زرعی مصنوعات کے معیار اور سرٹیفکیشن، برآمدات کی تیاری، متبادل ذرائع معاش اور جامع معاشی ترقی ہے۔ شرکاء نجی شعبے کو مضبوط بنانے، منڈیوں تک رسائی بہتر کرنے اور تعاون کے عملی راستے تلاش کرنے پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
