افغانستان کی انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے عمان میں جاری اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ میں پیر کو سری لنکا کو 106 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کر لی۔
سری لنکا نے ٹاس جیت کر افغانستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تو افغان بلے بازوں نے 49.5 اوورز میں 275 رنز کا مضبوط مجموعہ کھڑا کر دیا۔ سبحان زاخیل نے 111 گیندوں پر 107 رنز کی شاندار سنچری اسکور کی، جبکہ عبداللہ نادرجان نے 64 گیندوں پر 55 رنز بنائے۔
ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی پوری ٹیم 34.1 اوورز میں 169 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ نور علی نیازئی چار وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر رہے، جنہوں نے پچھلے میچ میں ملائیشیا کے خلاف چھ وکٹیں حاصل کی تھیں۔
اس سے پہلے افغان ٹیم بنگلہ دیش اور ملائیشیا کو بھی شکست دے چکی ہے۔
