پاکستان ریلوے کی آمدن پہلی بار سو ارب روپے کی حد عبور کر کے 115 ارب روپے تک پہنچ گئی ہے۔ وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے پیر کو راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر بتایا کہ آمدن 88 ارب روپے سے بڑھ کر اس سطح پر آئی ہے۔
وزیر ریلوے نے یہ اعلان پشاور سے کراچی چلنے والی عوام ایکسپریس کا کمرشل انتظام نجی کمپنی اے اے انٹرپرائزز کے حوالے کرنے کی تقریب میں کیا۔ نئے سرکاری و نجی ماڈل کے تحت ٹرین میں پریمیم لاؤنج ڈائننگ کار اور صفائی کے بہتر انتظامات متعارف کرائے گئے ہیں، جن کا وزیر نے خود معائنہ کیا اور مسافروں سے بات چیت کی۔
حنیف عباسی نے بتایا کہ رواں مالی سال کے لیے آمدن کا ہدف 160 ارب روپے رکھا گیا ہے۔ انہوں نے اس اضافے کو ڈھانچہ جاتی اصلاحات، سرکاری و نجی شراکت، چوری کی روک تھام اور آپریشنل بہتری کا نتیجہ قرار دیا، جبکہ باقی انتظامی مسائل حل کرنے کے لیے 31 دسمبر کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے۔
وزیر کے مطابق ریلوے اسپتالوں کو بھی آؤٹ سورس کرنے کا منصوبہ ہے، تاہم ملازمین کا مفت علاج برقرار رہے گا۔ 60 اسٹیشنوں پر مفت وائی فائی، لاہور اور راولپنڈی اسٹیشنوں کی تاریخی عمارتوں کی بحالی، بند برانچ لائنوں کی دوبارہ بحالی اور ایشیائی ترقیاتی بینک و عالمی بینک کے تعاون سے ایم ایل ون منصوبے کی منصوبہ بندی بھی جاری ہے۔
