وفاقی حکومت نے کراچی انڈسٹریل پارک کو وفاقی خصوصی اقتصادی زون (ایس ای زیڈ) قرار دینے کی منظوری دے دی ہے۔ یہ فیصلہ جمعے کو اسلام آباد میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت خصوصی اقتصادی زونز کے بورڈ آف اپرووَلز کے گیارہویں اجلاس میں کیا گیا۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق اس زون کا مقصد برآمدات پر مبنی صنعتی سرمایہ کاری کو راغب کرنا، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور ویلیو ایڈیشن کو فروغ دینا اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔ اجلاس میں صنعتی سرمایہ کاری میں سہولت، انفراسٹرکچر کی فراہمی اور صنعتی زمین کے مؤثر استعمال پر بھی غور کیا گیا۔
بورڈ نے نجی شعبے کے قائم کردہ اقتصادی زونز کے ’زیرو پوائنٹ‘ تک سڑک، یوٹیلیٹیز اور دیگر بنیادی سہولیات سرکاری خرچ پر پہنچانے کے لیے عمومی اہلیت کے معیار کی بھی منظوری دی، جس کے تحت ایس ای زیڈ ایکٹ 2012 کے مطابق ہر کیس کا الگ جائزہ لیا جائے گا۔
اس کے علاوہ پنجاب کے سرکاری اقتصادی زونز اور صنعتی اسٹیٹس کے لیے لینڈ لیز پالیسی بھی منظور کی گئی۔ اس پالیسی کا مقصد طویل مدتی لیز کے ذریعے سرمایہ کاروں پر زمین کی ابتدائی لاگت کم کرنا اور زیادہ برآمدی صلاحیت رکھنے والے نئے شعبوں میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
