خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں ایک رہائشی احاطے کے حجرے پر کواڈ کاپٹر سے بم گرائے جانے کے نتیجے میں 65 سالہ بزرگ نائب اللہ کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے۔ یہ واقعہ تحصیل بکاخیل کے علاقے سردی خیل میں پیش آیا۔
ذرائع کے مطابق حملے میں گھر والوں کے مویشی بھی مارے گئے، جبکہ احاطے میں نصب شمسی توانائی کا نظام بھی متاثر ہوا۔ مقامی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ گزشتہ تین دنوں کے دوران سردی خیل میں کواڈ کاپٹر حملوں میں ایک شخص جاں بحق اور چار زخمی ہو چکے ہیں۔
حملے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی اور سرکاری سطح پر اس واقعے کی تصدیق یا کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔ اس اطلاع کی آزادانہ تصدیق بھی تاحال نہیں ہو سکی۔
بنوں ان 12 اضلاع میں شامل ہے جہاں وفاقی حکومت نے 11 اکتوبر کو ایمرجنسی نافذ کی تھی، اور حالیہ ہفتوں میں صوبے کے جنوبی اضلاع سے ڈرون اور کواڈ کاپٹر حملوں کی اطلاعات بڑھی ہیں۔ حکام نے حال ہی میں ان اضلاع میں جرگوں کے ذریعے امن عمل بھی شروع کیا ہے۔
