کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے ہفتے کو ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں بنوں کی وزیر سب ڈویژن میں واقع گمبتی پولیس چوکی پر حملے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ویڈیو میں مبینہ طور پر عسکریت پسندوں کو اس چوکی میں داخل ہوتے دکھایا گیا ہے جسے پولیس پہلے ہی خالی کر چکی تھی، جس کے بعد چوکی کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا گیا۔ پولیس یا حکام کی جانب سے اس پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا اور ویڈیو کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی۔
بنوں ہی میں ہفتے کو میوہ خیل سورانی کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ہارون نامی ایک پولیس اہلکار زخمی ہو گیا، جسے علاج کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ادھر شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ نے بھی ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں جنوبی وزیرستان کے صدر مقام وانا میں مقامی امن کمیٹی کے رکن صدیق عرف مدد بابا کے قتل کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ اس دعوے کی بھی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی۔
