بلوچستان کے اضلاع کچھی اور وڈھ میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر دو کارروائیوں میں 9 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ آئی ایس پی آر نے بدھ 28 اکتوبر کو بتایا کہ یہ کارروائیاں ان علاقوں میں 'فتنہ الہندوستان' سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع کچھی میں دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے میں سات دہشت گرد مارے گئے اور اسلحہ و گولہ بارود برآمد ہوا۔ ضلع وڈھ میں دوسری کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگا کر انہیں روکا، جس کے بعد فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
فوج کے بیان میں کہا گیا کہ علاقے میں کسی اور دہشت گرد کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، اور 'عزمِ استحکام' کے تحت انسدادِ دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔ وفاقی حکومت نے گزشتہ برس بلوچستان میں سرگرم تمام دہشت گرد گروہوں کو 'فتنہ الہندوستان' قرار دیا تھا اور بھارت پر ان کی سرپرستی کا الزام لگایا تھا، جس کی بھارت تردید کرتا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ دہشت گردوں کے غیر ملکی سرپرستوں اور ان کے مقامی سہولت کاروں کی سازشیں ناکام بنا دی جائیں گی۔
