پنجاب کے ضلع پاکپتن میں جمعرات کو دیپالپور روڈ پر ایک مسافر بس اور ٹرک کے درمیان خوفناک تصادم میں 11 افراد جاں بحق اور 33 زخمی ہو گئے۔ ریسکیو 1122 کے مطابق آٹھ زخمیوں کو معمولی چوٹیں آئیں جبکہ 25 کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال پاکپتن منتقل کیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کے بیان کے مطابق ملتان سے قصور جانے والی بس مخالف سمت سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ ڈپٹی کمشنر آصف رضا اور ڈسٹرکٹ پولیس افسر جاوید اقبال چدھڑ فوراً موقع پر پہنچے، جہاں تین گھنٹے جاری رہنے والے امدادی آپریشن میں کرینوں اور بھاری مشینری کی مدد سے ملبے میں پھنسے مسافروں کو نکالا گیا۔
حادثے کی سنگینی کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر کے اضافی ڈاکٹرز اور طبی عملہ طلب کر لیا اور ہسپتال انتظامیہ کو زخمیوں کو فوری اور معیاری علاج فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
صدر آصف علی زرداری، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کی۔ وزیراعلیٰ نے زخمیوں کے بہترین علاج کی ہدایت کرتے ہوئے حادثے کی رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔
