اسپین کے وسطی علاقے میں بدھ 28 اکتوبر کی صبح ایک تیز رفتار ٹرین پٹڑی پر رکی ہوئی دوسری ٹرین سے پیچھے سے جا ٹکرائی، جس کے نتیجے میں دو بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں اور کم از کم 30 افراد ہلاک ہو گئے۔ یہ حادثہ میڈرڈ کے جنوب میں صوبہ طلیطلہ (ٹولیڈو) کے قصبے اُردا کے قریب میڈرڈ اور اشبیلیہ (سیویا) کو ملانے والی تیز رفتار ریلوے لائن پر پیش آیا۔
ذرائع کے مطابق کاستیا لا مانچا کی علاقائی حکومت کی ترجمان ایستھر پادیا نے بتایا کہ دونوں ٹرینیں ایک ہی سمت میں جا رہی تھیں۔ میڈرڈ سے اشبیلیہ جانے والی سرکاری کمپنی رینفے کی ٹرین میں 397 اور نجی کمپنی ایریو کی ٹرین میں 147 مسافر سوار تھے۔ اطلاعات کے مطابق ایریو ٹرین کی دو بوگیاں ڈھلوان سے نیچے جا گریں۔
امدادی کارروائیوں میں قریبی قصبوں کے فائر فائٹرز، تین میڈیکل ہیلی کاپٹر اور موبائل انتہائی نگہداشت یونٹس حصہ لے رہے ہیں، جبکہ میڈرڈ نے بھی طبی ٹیمیں روانہ کی ہیں۔ اُردا کے میئر کے مطابق متاثرین کو ٹھہرانے کے لیے ایک اسپورٹس ہال تیار کیا جا رہا ہے۔ ریلوے انتظامیہ نے میڈرڈ اور اندلس کے درمیان تیز رفتار ٹرین سروس معطل کر دی ہے اور سول گارڈ کی خصوصی ٹیم تحقیقات کے لیے موقع پر پہنچ گئی ہے۔
وزیرِ اعظم پیدرو سانچیز نے حادثے پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین اور ان کے اہلِ خانہ سے یکجہتی ظاہر کی۔ یہ حادثہ نو ماہ قبل جنوبی اسپین کے علاقے اداموز میں ہونے والے اس ٹرین حادثے کے بعد پیش آیا ہے جس میں 45 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
