آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں ہفتے کی صبح مدرسے جانے والے بچوں کو لے جانے والی ایک وین گہری کھائی میں جا گری، جس کے نتیجے میں چار بچے جاں بحق اور تین افراد زخمی ہو گئے۔
ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ افسر اختر ایوب کے مطابق وین ضلعی صدر مقام اٹھمقام سے تقریباً 22 کلومیٹر دور ناگدر سے کیرن بائی پاس لنک روڈ کے راستے روانہ ہوئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ حادثہ صبح تقریباً ساڑھے آٹھ بجے ناگدر میں گھوڑے ناکہ موڑ کے قریب پیش آیا، جب سفر شروع ہوئے بمشکل آدھا کلومیٹر ہوا تھا اور ڈرائیور ایک تیز موڑ کاٹ رہا تھا۔
اختر ایوب کے مطابق وین سڑک سے 500 میٹر سے زیادہ نیچے ایک پتھریلی کھائی میں جا گری۔ تین بچے موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ ایک زخمی بچہ بعد میں اٹھمقام کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال میں چل بسا۔ باقی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث انہیں مظفرآباد منتقل کر دیا گیا۔
آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر چوہدری طارق فاروق نے کم سن جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ پہاڑی سڑکیں انتہائی احتیاط کا تقاضا کرتی ہیں اور ایک لمحے کی غفلت بھی المناک نتائج دے سکتی ہے۔
وادی نیلم میں یہ اس سال کا پہلا ایسا حادثہ نہیں۔ اپریل میں میدان نمبتائی کے علاقے میں مسافر وین کھائی میں گرنے سے تین افراد جاں بحق اور دس زخمی ہوئے تھے، جبکہ 11 مئی کو ایک جیپ کے گہری ندی میں گرنے سے دو خواتین سمیت چار افراد جان سے گئے تھے۔
